• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملے سے بڑا نقصان ہوسکتا تھا، وزیراعلیٰ سندھ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے سے بھی بڑا نقصان ہوسکتا تھا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کے جوان اور سیکیورٹی گارڈز نے 8 سے 10 منٹ میں دہشت گردوں کو ختم کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے اور شہید کے بیٹے کو نوکری دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 3 شہید سیکیورٹی گارڈز کے اہل خانہ کو بھی 50،50 لاکھ روپے امداد دی جائے گی جبکہ ان کے بچوں کو بھی ایک، ایک نوکری دی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو 10،10 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نےکہا کہ یہ بڑی بات ہے کہ حملے کے باوجود کل اسٹاک ایکسچینج معمول کے مطابق کام کرتا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہنا سندھ حکومت اور پولیس پر اعتماد کا اظہار ہے۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف حکومت اور سندھ پولیس نے کل بروقت کارروائی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ پاکستان کمزور ہوگیا لیکن پولیس نے ان کے عزائم ناکام بنادیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال تک پہنچنا چاہتے تھے، جسے پولیس نے ناکام بنایا، کل پولیس اہلکار اور گارڈز نے مہارت سے کام کیا۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کل کی دہشت گردی میں اسٹاک ایکسچینج کے 2 گارڈز اور ایک نجی بینک کا گارڈ شہیدہوا، یہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ سے بھی بڑا نقصان ہوسکتا تھا۔

تازہ ترین