پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نےکہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فلاپ ہوچکے۔
قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمٰن نے استفسار کیا کہ کرپشن کا بہانہ بناکر عمران خان کب تک اقتدار کو طول دینے کی کوشش کرتے رہیں گے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان فلاپ ہوچکے ہیں، انہیں کرپشن کے نام پر الزام تراشیاں نہیں بچاسکتی ہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور اور مالم جبہ کیس میں اسٹے آرڈر لینے والے اخلاقیات کا درس نہ دیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان اسمبلی آکر فارن فنڈنگ کیس میں کرپشن کا حساب کب دیں گے؟
شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نےخود پرویز مشرف سے ایمنسٹی لی ہوئی ہے، عمران خان کی ہمشیرہ نے نواز شریف سے ایمنسٹی لی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج تک نہیں بتایا ان کی ہمشیرہ کیسے اربوں روپے ملک سے باہر لےگئیں۔
پی پی رہنما نےسوال کیا کہ آڈیٹرجنرل رپورٹ میں پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن کا تذکرہ ہے، وزیراعظم عمران خان اس کا جواب کیوں نہیں دے رہے؟