حکومت بلوچستان نے صوبے میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن کو 15 روز کیلئے بڑھاتے ہوئے 15 جولائی تک توسیع دے دی ہے۔
حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے نوٹیفیکشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز مارکیٹس دکانوں گودام آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو ہفتہ سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت برقرار رہے گی جبکہ جمعہ کو تما م کاروبا ر بند رہیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹورز، بلڈ بینک اور ٹیلر شاپس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تعلیمی ادارے پندرہ جولائی تک بند رہیں گے، سنیما، فارم ہاؤسز، شادی ہال، پکنک پوائنٹس بدستور بند رہیں گے جبکہ دس یا دس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنے، ریلی، جلوسوں، ڈبل سواری اور سماجی، سیاسی و مذہبی تقریبات پر بدستور پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔