آپ آف لائن ہیں
جمعہ18؍ذیقعد 1441ھ 10؍جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

CAA کی VIPs کے پروٹوکول پر پابندی


کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے وی آئی پیز کے پروٹوکول پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت اندرونِ ملک چارٹرڈ اور پرائیویٹ طیاروں کے مسافروں اور عملے پر بھی یہ پابندی لاگو ہوگی۔

ہدایت نامے کے مطابق مسافر اور عملے کے علاوہ اب کسی بھی شخص کو پارکنگ سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا، ایئر پورٹ منیجر سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔

سی اے اے کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بورڈنگ سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، جہاز میں ماسک، گلوز اور حفاظتی سوٹ کا استعمال لازمی ہو گا۔

بورڈنگ سے قبل مسافروں کا ہیلتھ فارم پُر کرنا ایئر لائن کی ذمے داری ہو گی، جبکہ مسافر کا معائنہ کرنا محکمۂ صحت کی ذمے داری ہو گئی۔

میڈیکل ایمرجنسی کے لیے جہاز میں ایک صف خالی رکھنی ہوگی، جبکہ طیارے میں ایک سیٹ کے فاصلے سے مسافروں کو بٹھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: CAA کی اندرون ملک پروازوں کی اجازت میں توسیع

مسافروں کے سامان پر جراثیم کش اسپرے کرنا اور دورانِ پرواز ماسک پہننا لازمی ہوگا، مسافر میں کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں مکمل چیک اپ اور قرنطینہ کیا جائے گا۔

جہاز میں کھانے پر مکمل پاپندی عائد ہو گی، دورانِ پرواز مسافروں کو ہر 30 منٹ بعد سینیٹائزر فراہم کیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن کے ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی اے اے کا یہ ہدایت نامہ 31 اگست تک کارآمد رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید