• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے پھیلاؤ پر امریکی صدر ٹرمپ پھر چین پر برہم


عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر چین پر برہم ہوگئے۔

اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وبا پوری دنیا میں پھیل گئی ہے اور اس نے امریکا کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں جب جب کورونا سے یہ سب کچھ ہوتے دیکھتا ہوں تو مجھے چین پر شدید غصہ آتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد سے لے کر مختلف مواقع پر چین کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

ایک مرتبہ امریکی صدر نے کورونا وائرس کو چینی وائرس کہہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکا متاثر ہوا ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 1 لاکھ 30 ہزار 123 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 27 ہزار 996 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کےامریکا میں 14 لاکھ 54 ہزار 383 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 935 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 43 ہزار 490 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

چین جہاں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے۔

چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 534 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

تازہ ترین