پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی جرمنی کے سرپرست اعلیٰ سید ظفر عباس شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سید ظفر عباس شاہ کو پارٹی کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال پارٹی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
سید ظفر عباس شاہ، پیپلز پارٹی جرمنی کے سابق صدر آج انتقال گئے۔ مرحوم کافی عرصے سے جرمنی میں فرینکفرٹ کے نواحی شہر آفن باخ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ظفر عباس شاہ کی پاکستان میں جمہوریت اور جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم سید ظفر عباس شاہ کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
علاوہ ازیں پی پی پی جرمنی کے صدر سید زاہد عباس نے بھی ظفر عباس شاہ کی وفات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں پارٹی کے تمام ارکان افسردہ ہیں کیونکہ مرحوم سید ظفر عباس شاہ جرمنی کی ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ ان کی پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ان گنت خدمات ہیں۔