لاہور(نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ک پاکستان ہماری ماں ہے اور اس کے ادارے دھرتی ماں کے زیورات ہیں،میں اپنی دھرتی ماں کے زیورات کسی صورت فروخت نہیں ہونے دوں گا مزدور اور ورکرز عمران خان کی فاشسٹ حکومت کیخلاف متحد ہوں۔سیکشن 29 کے خاتمے کے لئے سول ایوی ایشن یونین کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے ائیرپورٹس کو سیکیورٹی ادارے بھی استعمال کرتے ہیں۔ائیرپورٹس کی فروخت ملک میں سیکیورٹی کو داؤ پر لگادے گی۔ وہ جمعرات کو بلاول ہاؤس لاہور میں سول ایوی ایشن اور پی آئی اے یونین کے نمائندوں کے الگ الگ ویڈیو لنک اجلاسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن یونین کے پیٹرن انچیف تیمور بیگ اور چیئرمین ایاز بٹ،سول ایوی ایشن یونین کے صدر نوید کیانی، سیکریٹری جنرل سمیع اللہ،پی آئی اے پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ، سینئرنائب صدر محمداشرف ودیگر بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری کو سول ایوی ایشن اور پی آئی اے یونینز کے نمائندوں نے اداروں کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کے باوجود سول ایوی ایشن نے 89 ارب روپے کا منافع دیا۔