• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتے ہیں۔

کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب ، ناصرحسین شاہ اور سہیل سیال نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کی ، اس دوران انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں پر سوالات اٹھائے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کئی ہفتے گزرنے کے باوجود پاکستان کے عوام سستی چینی ڈھونڈ رہے ہیں ، چینی ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا تھا ، اب عوام کو آٹے اور ٹڈیوں کے حوالے سے تحفظات ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ خان صاحب نے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا اعلان کیا تھا، الٹا سرکاری ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزراء سے متعلق بات کرتے ہوئےکہا ہے کہ ذلفی بخاری نے پی ٹی ڈی سی سے ملازمین کو نکال دیا، ان کا کام لوگوں پر الزامات لگانا اور مخالفین کے خلاف پریس کانفرنس کرنا ہے، علی زیدی بحری امور کے وزیر ہیں ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، اس حکومت کا کارنامہ ہے جو جس وزارت کا وزیر ہے اس کے علاوہ ہر بات کرتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کیا جارہا ہے، علی زیدی سے اپنی وزارت نہیں سنبھل رہی وہ پی آئی اے کو بہتر کرنے کی بات کرتے ہیں، ہمیں سمجھ نہیں آرہا کہ ملک میں اہم فیصلے کون کررہا ہے۔

اُن کا چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے متعلق کہنا تھا کہ وفاقی وزراء بلاول بھٹو کے ٹیکس سے متعلق بھی غلط بیانی کرتے ہیں ، تمام چیزیں اور ٹیکس ریکارڈ پر ہیں، خود علی زیدی نے الیکشن سے قبل ٹیکس جمع نہیں کروایا تھا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علی زیدی عزیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی پر بات کررہے ہیں، یہ حساس دستاویزات ہوتے ہیں انہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہے، کہا کہ جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کا ذکر ہے، سوال ہے کہ جے آئی ٹی تو حساس ہے اور خود اسے مانگنے عدالت گئے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عزیر بلوچ ، سانحہ بلدیہ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی پبلک کرنے جا رہی ہے، جے آئی ٹی رپورٹ پیر کو وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ علی زیدی کو چیلنج کرتا ہوں اس جے آئی ٹی میں پی پی قیادت کا ذکر دکھا دیں، اس میں پی پی قیادت کا کوئی ذکر نہیں ہے، یہ رپورٹس پی پی نے نہیں اداروں نے بنائی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ علی زیدی قوم سے اور پی پی قیادت سے معافی مانگیں، علی زیدی نے پوائنٹ اسکورنگ کے لیے واویلا مچایا۔

تازہ ترین