آپ آف لائن ہیں
ہفتہ24؍ذی الحج 1441ھ15؍اگست 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پی ٹی آئی ارکان کی حلقوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کردیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی اور جی ڈے اے کے ارکان سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری توانائی عمر رسول، حیسکو اور سیپکو کے حکام بھی موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے اجلاس کے دوران اپنے حلقوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کیں اور کہا کہ ہمارے حلقوں میں 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ارکان نے مزید کہا کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں 15سال سے بدعنوان افسران کی اجارہ داری ہے، ان افسران کو صوبائی حکومت کی مدد حاصل ہے۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ بھر سے شکایات موصول ہورہی ہیں، عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے اور اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی جائے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب نے سیپکو اور حیسکو کے حکام کو ہدایت دی کہ تمام شکایات کا ازالہ 7 دن میں کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی نظام میں مرمتی کام پر پیسے نہیں لیے جاسکتے، پیسے لینے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا، کچھ افسران کی انفرادی طور پر انکوائری کی جارہی ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ جلد سندھ کا دورہ کروں گا اور شکایات کی مانیٹرنگ گورنر ہاؤس سے کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید