خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے اسپتال قائم کردیا۔
پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ نشتر آباد میں قائم اسپتال میں تمام جدید سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اسٹیٹ آف آرٹ اسپتال کا وزیراعلیٰ محمود خان عنقریب افتتاح کریں گے۔
اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ اسپتال 58 بیڈز پر مشتمل ہے، اسپتال میں 17 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بیڈز اور 5 آئی سی یوبیڈز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام بیڈز کے ساتھ آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جدید سہولیات سے آراستہ تشخیصی لیبارٹری بھی اسپتال میں موجود ہوگی۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کی 15000 ٹسٹنگ کٹس فراہم کرے گی۔
اجمل وزیرنے مزید بتایا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے اسپتالوں کی استعداد کو بڑھایا صوبے کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے ساڑھے 5ہزار بستر مخصوص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر حکمت عملی اورسہولیات میں اضافے کے باعث کورونا سے شرح اموات کافی حد تک کنٹرول ہوئی ہیں۔