• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی دفاع ہر قیمت پر، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کا نوٹس لے، وزیر اعظم کی زیرصدارت مسلح افواج کا اہم اجلاس

وزیر اعظم کی زیرصدارت مسلح افواج کا اہم اجلاس


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی داخلی و بیرونی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیاجبکہ مقبوضہ کشمیرمیں زیادتیوں اورپاکستان کو درپیش چیلنجز پر غورکیاگیا۔

اجلاس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہارکیاکہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتاہے تاہم ملکی خود مختاری کا ہر قیمت پردفاع کیا جائے گا‘پاکستان اپنے عوام اورجغرافیائی سالمیت کا تحفظ کرناجانتا ہے۔

اجلاس میں عالمی برادری پر زوردیاگیاکہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کا نوٹس لے‘اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ‘چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی‘ چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکت کی۔اجلاس میں قومی قیادت نے واضح پیغام دیاکہ پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے لیکن ہم اپنے عوام اور اپنی جغرافیائی سالمیت کا تحفظ اور دفاع کرنا بھی جانتے ہیں اور اس کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ اس کا نوٹس لے۔

اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور مربوط کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان سٹاک ایکس چینج پر حالیہ حملہ کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔

تازہ ترین