اسلام آباد (صالح ظافر) پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے کے سیشن کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔ مولانا اسد محمود کی زیر قیادت متحدہ مجلس عمل نے پیپلز پارٹی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ پیپلز پارٹی اس تحریک کو آگے بڑھا رہی ہے جبکہ نون لیگ نے پہلے ہی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 8؍ جولائی کو ہوگا۔ دونوں ایوانوں میں نون لیگ سب سے بڑا اپوزیشن گروپ ہے جبکہ اس کے بعد پیپلز پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کا نمبر آتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو ہٹانے کیلئے بھی سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے کیونکہ بلوچستان ہائی کورٹ نے زبردست دھاندلی کی وجہ سے سوری کے (این اے 265 کوئٹہ) الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ سال اکتوبر میں ان کی رکنیت ختم کر دی ہے۔