• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک ایکسچینج حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی جیو کے ڈرامے میں نظر آگئی، انتظامیہ نے تفتیشی حکام کو آگاہ کردیا

اسٹاک ایکسچینج حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی جیو کے ڈرامے میں نظر آگئی


کراچی(ٹی وی رپورٹ)کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں استعمال ہونے والی کار اتفاقاً جیو کے ڈرامے ’دیوانگی‘ کے ایک منظر میں نظر آ رہی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 29جون 2020 کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں استعمال ہونے والی کار 10 ماہ پہلے ہل پارک میں کھڑی نظر آرہی ہے اور یہ منظر جیو کے ڈرامے ’دیوانگی‘ کا ہے۔ ڈرامے کی یکم جولائی 2020 کو نشر ہونے والی قسط نمبر 33 میں ڈرامے کے 2 کردار گفتگو کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں تو پارکنگ ایریا میں کھڑی ایک کار پر یہی نمبر نظر آتا ہے۔ جیو انتظامیہ نے تفتیش میں مدد کے جذبے کے تحت ڈرامے کی متعلقہ قسط کی مکمل ریکارڈنگ تفتیشی حکام کے حوالے کردی ہے اور ساتھ ہی انہیں یہ بھی بتایا ہے کہ ڈرامے کی یہ قسط 30اگست 2019کو ہل پارک میں شوٹ کی گئی تھی۔ دوسری جانب اب تک کی تفتیش میں یہ پتہ چلا ہے کہ 29جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے صرف 4دن پہلے یعنی 24 جون کو یہ کار ایک دہشت گرد نے سبزی منڈی پر واقع ایک شوروم سے خریدی تھی۔

تازہ ترین