وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بانی پی ٹی آئی لے کر آئے اور وہ انہیں صوبے میں بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ جن معصوم شہدا کی بات کی جا رہی ہے، ان کی ملکیت لینے سے بھی انکار کیا جا رہا ہے، فوجی شہدا کی بات تو رہنے دیں، کیا کسی ایک سویلین شہید کے گھر بھی فاتحہ کے لیے گئے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بانی پی ٹی آئی لے کر آئے، اسمبلی کی تقاریر اور میڈیا کا ریکارڈ اس بات کا گواہ ہے، ٹی وی پر ان سے اس معاملے پر مناظرہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مرکز سے اقتدار جانے کے بعد خیبرپختونخوا کے ہر وزیراعلیٰ نے وفاق پر حملہ کیا، جبکہ 9 مئی اس کے علاوہ ہے۔
ان کا الزام تھا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت سرکار کا مال خود بھی لوٹتی ہے اور دہشت گردوں کو بھتے کی صورت میں حصہ دیتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپ دہشت گردوں کے پارٹنر ہیں اور خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون سے آپ کے ہاتھ بھی رنگے ہیں، قوم بھی آپ سے حساب لے گی اور خدا بھی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا ہے کہ اسلام آباد ہمارے وطن کی وحدت اور وفاق کی علامت ہے، جبکہ یہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی شناخت ہے، شہدا اپنے مقدس خون سے اس کی آبیاری کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک سال قبل اپنے ازلی دشمن کا غرور مٹی میں ملایا، جبکہ پاکستانی عوام اور بہادر افواج اندرونی و بیرونی دشمنوں سے ٹکرانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔