کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ فصلی بٹیروں کی ملک کی حقیقی سیاسی قیادت پر تنقید سورج کو انگلی سے چھپانے کے مترادف ہے جنہوں نے بقاء وطن کیلئے اپنی نسلیں تک قربان کردیں۔انہوں نے کہا کہ جان ہتیلی پر رکھ کر ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کی بنیاد کس نے رکھی اور اس جرم کی پاداش میں پھانسی کے پھندے کو ہنس کر کس نے چوما اور کس نے اپنی سیاسی بصیرت کے بل بوتے پر مسلط کردہ آمر کو گھر کا رستہ دکھایا اور ملک میں حقیقی عوامی حاکمیت کی بحالی کے لئے اپنے خون کا نذرانہ دیا تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے ثمرات سے قوم کو مستفید کیا جاسکے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ شہداء کی یہ جماعت ہمیں ورثے میں ملی اور ہم نے ان شہداء کے افکار پر کاربند رہتے ہوئے بقاء وطن اور حقیقی جمہوریت کے لئے کی جانے والی عملی جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھا۔ مسلط کردہ ان سیاسی بونوں کے پاس نہ تو فخر کرنے والی کوئی جدوجہد ہے اور نہ ہی جان قربان کرنے والا حوصلہ۔ سوائے اس کے کہ یہ اپنے آقائوں کی خوشنودی حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جیسے درباری جس دربار کا حصہ ہوں اسے ہمیشہ دوست نما دشمنوں کا سامنا رہتا ہے اسی دیمک جس نے پہلے بھی کئی تخت زمین بوس کئے ہوں سے بھلا کیا امید کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کو ایک سازش کے تحت سامراجی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ملک پر مسلط کیا گیا جو قوم کو ہر آنے والے دن میں ایک نئے بحران کی جانب دھکیلنے میں مصروف عمل دکھائی دیتی ہے ملک کی حقیقی سیاسی قیادت کو پہلے ہی دیوار سے لگایا جاچکا ہے اور اب طاقت اقتدار کے بل بوتے پر اپنی ہی عوام کو فتح کرلینے جیسے منفی طرز عمل کو عملی شکل دی جارہی ہے۔