• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کا عارضی چارج انتخاب عالم کو دینے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج


پاکستان ٹورازم ڈپارٹمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا عارضی چارج انتخاب عالم کو دینے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے مستقل مینیجنگ ڈائریکٹر کی عدم تعیناتی پر سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکریٹری 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیکریٹری وضاحت کریں ابھی تک مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کا عمل شروع کیوں نہیں ہوا؟

اس کے ساتھ ساتھ سیکریٹری پی ٹی ڈی سی کو حکم دیا گیا ہے کہ آج تک کے تمام عارضی ایم ڈیز کے نوٹیفکیشنز بھی ساتھ لائیں۔

واضح رہے کہ میر اورنگزیب ایڈووکیٹ نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی عارضی تعیناتی چیلنج کی تھی۔

انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 2017 سے مستقل ایم ڈی نہ ہونے کی وجہ سے عارضی چارج دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 7 فروری 2019 کو وفاقی کابینہ نے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کی ہدایت کی تھی۔

اس میں  بتایا گیا کہ 16جولائی 2019 کو کابینہ نے اداروں کے چارج عارضی دینے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ کابینہ کی واضح ہدایات کے باوجود ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی تعیناتی کا عمل شروع نہیں ہو سکا۔

تازہ ترین