• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش، موسم خوش گوار

پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔ تاہم لاہور اور شیخوپورہ میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

لاہور، شیخوپورہ، قصور سمیت دیگر شہروں میں شام کے وقت آندھی سے فضا میں گردوغبار پھیل گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آندھی کی رفتار 129 اعشاریہ 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ ٹاؤن شپ میں بٹ چوک کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں آندھی سے کچے مکان کی چھت گرگئی۔ جس سے 6 سالہ بچی زخمی ہوئی۔

آندھی کے بعد لاہور، شیخوپورہ اور قصور کے علاقوں میں بارش بھی ہوئی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ریجن میں 170 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، سیالکوٹ سمیت مختلف دیگر شہروں میں بھی آندھی اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

بارش اور آندھی کے باعث بیشتر شہروں میں بجلی کے فیڈرزٹرپ کر گئے ، جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

تازہ ترین