• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسری چیئرپرسن نوشین جاوید فارغ، جاوید غنی نئے چیئرمین مقرر

 نوشین جاویدفارغ، جاوید غنی چیئرمین ایف بی آر مقرر


اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) و فاقی حکومت نے ایف بی آرکی تیسری چیئرپرسن نوشین جاوید امجد کو بھی فوری طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ وہ ان لینڈ ریو نیو سروس کی گریڈ 22کی افسر ہیں ۔ انہیں سیکر ٹری قومی ورثہ و ثقافتی ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ یہ پوسٹ سیکر ٹری قومی ورثہ و ثقافتی ڈویژن انعام للہ خان کے 120دن کی رخصت پر جانے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

پاکستان کسٹم سروس کے گریڈ 22 کے افسر محمد جا وید غنی کو نیا چیئر مین ایف بی آر مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں تین ماہ کیلئے یا مستقل تقرری تک کیلئے ا ضافی چارج دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذ ریعے سمری کی منظوری دی جس کے بعد ہفتہ کی سہ پہر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تقرریوں اور تبادلوں کا نو ٹیفکیشن جاری کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مو جودہ حکومت نے یہ چوتھے چیئرمین ایف بی آر مقرر کئے ہیں ۔ سب سے پہلے ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کو چیئرمین ایف بی آر لگا یا گیا تھا۔ اس کے بعد نجی شعبہ سے شبر زیدی کی تقرری کی گئی ۔ ان کے بعد نوشین جاوید امجد کی تقرری کی گئی ۔ 

وہ پانچ ماہ اس عہدے پر فائز رہیں ۔ گزشتہ مالی سال کیلئے ریو نیو کی وصولی کا ہدف 5500ارب روپے مقرر کیا گیا تھاجس پر بعد میں دو مرتبہ نظر ثانی بھی کی گئی تاہم ابتدائی ہدف حاصل نہیں ہوسکا اور صرف 4000ارب کا ریو نیو مل سکا۔ اب بھی یہ تجویز زیر غور ہے کہ نجی شعبہ سے چیئر مین ایف بی آر لایاجا ئے ۔

محمد جاوید غنی نومبر 2018 سے بطورممبر کسٹم پالیسی فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ قبل ازیں محمد جاوید غنی ایف بی آر میں پالیسی اور آپریشن سطح کے مختلف اہم عہدوں پر ملک بھر میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور ٹیکس ریونیو معاملات میں وسیع تجربہ کے حامل افسر ہیں ۔ 

انہوں نے ملک کی مختلف بندرگاہوں ، ائرپورٹس، بارڈر کسٹم دفاتر بشمول کراچی ، اسلام آباد ائر پورٹس ، گوادر بندرگارہ ، سوست بارڈر ، چمن بارڈر ، تفتان بارڈر، کراچی سمندری بندرگاہ، کوئٹہ ، لاہور اور سیالکوٹ کی ڈرائی پورٹس پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ 

انہوں نے برطانیہ کی وارک وک یونیورسٹی سے انٹرنیشنل اکنامک لاء میں اعزاز کے ساتھ ماسٹر آف لاء( ایل ایل ایم ) کی ڈگری حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج ( پنجاب یونیورسٹی ) لاہور سے معاشیات میں اعزاز کے ساتھ ماسٹر کیا۔ 

ان کے متعدد مضامین اور ریسرچ پیپرز شائع ہوچکے ہیں ، جن میں ڈویلپنگ ویب آف انٹرنیشنل اکنامک کوریڈوراینڈ پاکستان ، پاکستان افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ کا ریویو ، ڈبلیو ٹی او ، ٹریڈ سہولیات اور پاکستان کسٹم ، الیکٹرانک فائلنگ آف گڈز ڈکلیئریشن ان ون کسٹم اور لیگل گیپس سمیت دیگر متعدد مضامین شامل ہیں ۔ 

انہوں نے بیرون ملک متعدد ممالک میں مختلف بین الاقوامی کانفرنسوں اور تربیتی کورسز میں شرکت کی ان ممالک میں بنگلادیش ، بلجیئم ، کینڈا ، چین ، فرانس، جاپان ، قزاخستان ، فلپائن ، روس، جنوبی کوریا ، تاجکستان ، تھائی لینڈ ، ترکی ، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں محمد جاوید غنی ایک سال نو ماہ سے ممبر ایف بی آر ہیں ۔ 

اس سے قبل وہ تین سال نو ماہ تک ڈی جی کسٹم ٹرانزٹ ٹریڈ کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے 1983میں سی ایس ایس ٹریننگ مکمل کرکے سول سروس جوائن کی۔

تازہ ترین