اسلام آباد(نمائندہ جنگ)ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کا عارضی چارج انتخاب عالم کو دینے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
پی ٹی ڈی سی کے مستقل ایم ڈی کی عدم تعیناتی پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکم جاری کردیا۔
پی ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکرٹری 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور وضاحت کریں ابھی تک مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کا عمل شروع کیوں نہیں ہوا، آج تک کے تمام عارضی ایم ڈیز کے نوٹیفکیشن بھی ساتھ لائیں۔
درخواست کے مطابق2017 سے مستقل ایم ڈی نہ ہونے کی وجہ سے عارضی چارج دینے کا سلسلہ جاری ہے، 7 فروری 2019 کو وفاقی کابینہ نے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کی ہدایت کی، 16 جولائی 2019 کو کابینہ نے اداروں کے چارج عارضی دینے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
درخواست کے مطابق کابینہ کی واضح ہدایات کے باوجود ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی تعیناتی کا عمل شروع نہیں ہو سکا، سپریم کورٹ کے وکیل میر اورنگزیب نے ایم ڈی پی ٹی سی کی عارضی تعیناتی چیلنج کی ہے۔