لاہور(سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چینل 24 کی بندش کے فیصلے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیدیا، انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے، فاشسٹ حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ اینکرز اور رپورٹرز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، چینل مالکان پر نام نہاد مثبت رپورٹنگ کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہےجو اختلاف کا اظہار کرے، کٹھ پتلی حکومت اس کی آواز کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے،حکومت فی الفور چینل 24 پر سے پابندی کے فیصلے کو واپس لے،میڈیا انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے،میڈیا ورکرز کے مسائل کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بھی چینل 24 کی بندش کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ جو عمران خان سے اختلاف کرے، اس کی آواز دبادی جائے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟عمران خان سے اختلاف کرنے والے اینکرز کے پروگرامز بند کرائے گئے، چینل مالکان پر دباؤ ڈالا گیا،عمران خان اگر اختلاف برداشت نہیں کرسکتے تو کرسی چھوڑدیں،پیمرا فوری طور پر چینل ٹوئنٹی فور کی بندش کا فیصلہ واپس لے۔