• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور (خصوصی رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبہ بروقت مکمل کرنے کے لئے اضافی لیبر لگا کر دن رات کام کیا جائے اورمختلف مراحل طے شدہ ڈیڈ لائنز کے مطابق ختم کئے جائیں۔ منصوبے کی 880 میں سے 710 پائلوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔واسا اور سوئی گیس کی طرف سے سروسز کی منتقلی کا کام جاری ہے جو 15 دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا اورپراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین نے انہیں اس منصوبے پر جاری کام کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ یہ دو رویہ انڈر پاس 540میٹر طویل اور دونوں طر ف سے دو لینز پر مشتمل ہو گا۔ اس کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کو سہولت ملے گی اور روزانہ 91 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔ایندھن کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی ۔ ڈائریکٹر جنرل نے پائل بورنگ،کیج لوئرنگ اور کنکریٹ مکسنگ کے کام کا جائزہ لیااورکام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تازہ ترین