اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم سے رپورٹ مانگ لی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے ملاقات کی، ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور قلت پر گفتگو کی گئی۔
گفتگو کے دوران اٹارنی جنرل نے لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس کے بارے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم سے رپورٹ مانگی ہے، پہلے بھی قائمہ کمیٹی کو قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحقیقات کی ہدایات تھیں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پارلیمنٹ عوامی مسائل پر اپنا کردار ادا کرے گی۔