پشاور(نمائندہ جنگ) عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالبعلم مشال خان قتل کیس میں ملزمان کے وکلاء نے کیس کی تیاری کیلئے مزید مہلت مانگ لی ، چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس محمد عتیق شاہ پر مشتمل دورکنی بنچ کے روبرو ملزمان کے وکلاء نے کیس تیاری کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ اس کیس کو آئندہ سماعت پر سنیں گے اور فیصلہ کریں گے اس دن بنچ میں صرف یہ کیس لگے گا اور اسی کو سنیں گے بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی واضح رہے کہ مشال قتل کیس میں 8 ملزمان اس وقت جیل میں ہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایک ملزم کو سزائے موت اور 7ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی ، مشال خان کو2017میں بعض مشتعل افراد بشمول طالبعلموں نے تشدد کے بعد قتل کردیا تھاجس کی ویڈیوبھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا اور انکے خلاف باقاعدہ ٹرائل چلایا گیا۔