لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں حکمرانوں کی اہلیت کا بحران تمام بحرانوں کا سبب ہے۔ حکمرانوں کے پاؤں اکھڑ رہے ہیں اور اقتدار پر گرفت دن بدن کمزور ہورہی ہے۔قومی قیادت متحد ہو اور اتفاق رائے سے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کراچی کے عوام کو بجلی کی فی یونٹ قیمت 14فیصد کا اضافہ، مرے کو مارے شاہ مدار کے متراد ف ہوگا۔ آئی ایم ایف کے حکم پر ایک بار پھر بجلی تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہاہے۔ حکومت عوام کو ر یلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق کی زیر صدارت منصورہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال بارے قرار داد منظور کی گئی۔