کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس صدر ایوب ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا ، جنرل سیکرٹری رشید بلوچ نے اجلاس کا ایجنڈا اور گزشتہ کارروئی پڑھ کر سنائی ،اجلاس میں فنانس سیکرٹری منظور احمد ،ایگزیکٹو باڈی ممبر عرفان سعید ،محمد عاصم،محمد اعظم الفت ،محمد شہیر لودھی،کفایت علی،سید گلزار شاہ شریک تھے،اجلاس میں گزشتہ دنوں چمن میں صحافیوں پر تشدد سے متعلق صحافیوں کے مطالبے پر انکوائری کمیٹی بنانے پر بلوچستان حکومت کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ انکوائری کمیٹی ایک تجربہ کار و ایماندار پولیس آفیسرڈی آئی جی پولیس وزیر خان ناصر کی سر براہی پر مشتمل ہے ہم امید کرتے ہیں کہ کمیٹی صاف و شفاف انداز میں اپنی رپورٹ مرتب کرے گی جس سےذمہ داران کے خلاف بہتر اندازمیں کارروائی کی جاسکے گی،اجلاس میں کہاگیا کہ صحافیوں عبدالمتین اچکزئی اور سعید علی پر ظالمانہ تشدد کا الزام چمن کے ایک ضلعی آفیسر پر ہے اس کے باوجود وہ اپنی سابق پوزیشن پر کام کر رہے ہیں اور اب بھی متاثرہ صحافیوں اور انکے رشتہ داروں کے خلاف انتقامی و یکطرفہ کاروائیاں کر رہے ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جاے کم ہے کیونکہ مذکورہ آفیسر کی جانب سے اختیارات کے بدستور نا جائز استعمال سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے وہ اپنی پوزیشن میں رہ کر انکوائری کمیٹی پر اثرا انداز ہوسکتے ہیں اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مذکورہ انتظامی آفیسر کو انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے تک کام سے روکا جائے تاکہ کسی قسم کے شکوک و شبہات پیدا ہونے کی گنجائش نہ رہے ۔