قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی پیراں غائب رینٹل ریفرنس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف سمیت 7 ملزمان کی بریت کو چیلنج کیا ہے۔
نیب نے اپیل میں کہا ہے کہ احتساب عدالت نے ملزمان کے خلاف استغاثہ کے شواہد کو اہمیت نہیں دی۔
نیب نے عدالت سے ملزمان کی بریت کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت 30 جون 2020ء کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
یہ بھی پڑھیئے: پیراں غائب ریفرنس، پرویز اشرف سمیت 8 ملزمان بری
نیب کی درخواست میں راجہ پرویز اشرف کے علاوہ اسماعیل قریشی، شاہد رفیع، شوکت ترین، طاہر بشارت چیمہ، محمد سلیم عارف، چوہدری عبدالقدیر اور اقبال علی شاہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پیراں غائب رینٹل ریفرنس کے تمام ملزمان کو بری کر دیا تھا۔