• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیسکو کوویڈ19میں انسانی حقوق کا تحفظ کرے،معین الحق

پیرس (رضا چوہدری) فرانس میں سفیر پاکستان ومندوب یونیسکو معین الحق نے یونیسکو پر زور دیا ہے کہ وہ بعض ملکوں کی طرف سے کوویڈ19کے بحران کی آڑ میں انسانی حقوق کی پامالی، نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی پالیسیاں جوکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے خلاف ہیں، کو سختی سے مسترد کرے۔ سفیر پاکستان نے یہ بات یونیسکو کی جانب سے منعقد کیے جانے والے یونیسکو کے 209ویں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کی۔ سفیر پاکستان نے بعض ملکوں کی طرف سے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بنیادی انسانی حقوق کو سلب کرنے کیلئے اختیار کی جانے والی ناقص اور انسانی تفریق پر مبنی پالیسیوں پر شدید غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے یونیسکو پر زور دیا کہ وہ کوویڈ19 کے بحران کے دوران بھی دنیا میں امن، رواداری، انسانی تنوع اور بین الاقوامی انسانی حقوق کو بحال رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے اور اسے بعض ملکوں کی طرف سے انسانوں میں نسل اور مذہب کی بنیاد پر تفریق اور تعصب کی پالیسیوں کے نفاذ کو سختی سے مسترد کرنا چاہئے۔ سفیر پاکستان نے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اراکین کو یقین دلایا کہ پاکستان یونیسکو کے اہداف کے حصول کیلئے باہمی اعتماد اور کثیرالجہتی جذبے کے تحت گفت و شنید اور اجتماعی اقدامات کے ذریعے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

تازہ ترین