وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ صاحب اور عمران خان نے چین میں ایم ایل ون کے لیے محنت کی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ ایکنک سے ایم ایل ون پاس ہو جائے گا، ایم ایل ون اپ گریڈیشن کے بغیر ریلوے حادثات ختم نہیں ہوسکتے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون پر کوئی ریلوے کراسنگ نہیں ہوگی، سات گھنٹے میں کراچی سے لاہور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایم ایل ون پر کام شروع ہو جائے گا، دیکھیں چین کی کس پارٹی کو کنٹریکٹ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کا تمام ڈھانچہ نیا بننے جا رہا ہے، ایم ایل ون ہی بعد میں بلٹ ٹرین ٹریک بن جائے گا، ڈیڑھ لاکھ افراد اس پر کام کریں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون کی تعمیر میں 90 فیصد لیبر پاکستان کی ہوگی جبکہ دس فیصد انجینئرز چین سے آئیں گے۔
ریلوے انقلاب کی طرف جا رہی ہے ،نو بلین ڈالرز کا یہ ٹھیکہ ہے۔ اس کے علاوہ نالہ لئی پر ریلوے لائن بنانےکی ایک کمپنی کو اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، اپوزیشن میں ٹاک شو کرنے کے علاوہ کوئی سکت نہیں ہے۔ الیکشن سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی،آپ کے آدھے ٹی وی پروگرام ختم ہو جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان چیف جسٹس کے فیصلے کے بعد بدلنے جا رہا ہے، اعلیٰ عدلیہ جو کہتی ہے ٹھیک ہے،اعلیٰ عدلیہ ہی جو کرے گی وہ ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے فرمایا شیخ رشید ایک لاکھ نوکریاں کہاں سے دے گا ؟ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کے مزدور کی تنخواہ کا ریلوے پر بوجھ نہیں ہے۔