• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کی زرداری، بلاول سے ملاقات، 18ویں ترمیم، NFC پر اتفاق

فضل الرحمٰن کی زرداری، بلاول سے ملاقات


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے جمعہ کو بلاول ہائوس میں سابق صدرمملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ تک جاری رہی۔

مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔ اس موقع پرسابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا ملکی سالمیت اور بقا کے خاطر سیاسی امور میں ساتھ چلنے پر اتفا ق کیا گیا،آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کا 18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ پر غیرلچکدار مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن سے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اگر معیشت کو بچانا ہے تو سب نے ملک کر سلیکٹڈ حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کے دورِحکومت میں ملک میں سب سے زیادہ کرپشن میں اضافہ ہوا۔

عمران خان نیب کو استعمال کرکے اپوزیشن جماعتوں کے سیاستدانوں سے انتقام لے رہے ہیں، دو سال ہوگئے ہیں، عمران خان نے کوئی ایک ایسا کام نہیں کیا جو عوامی مفاد میں ہو، ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک پیچ پر ہیں۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہاکہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ برس میں نے ٹِڈی دل کے حملوں سے متعلق پارلیمان میں حکومت کو خبردار کیا تھا۔

حکومت نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ٹِڈی دل کے حملوں سے متعلق میرے خدشات کو سنجیدہ نہیں لیا۔ اگر ٹِڈی دل کے حملوں کی فوری روک تھام نہ کی گئی تو ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوجائیگا۔

تازہ ترین