سرگودھا میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے3مبینہ خواتین دہشت گردوں کو خودکش جیکٹ اور دستی بم سمیت گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کےڈی ایس پی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی خواتین دہشت گرد سرگودھا کے کسی تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانا چاہتی تھیں۔
سرگودھا میں محکمۂ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر نواحی علاقے جھال چکیاں بائی پاس میں کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنےوالے اہلکاروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔
مقابلے کے نتیجے میں تین دہشت گرد خواتین کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ دو دہشت گرد فرارہوگئے۔مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کےلیےعلاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہناہےکہ دہشت گردوں سے دو خودکش جیکٹس اوردستی بم بھی برآمد ہوئے جبکہ گرفتار ہونے والی تینوں خواتین آپس میں ماں، بیٹی اور بہو ہیں، جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ۔
سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی چوہدری لیاقت تارڑ کے مطابق دہشت گرد خواتین سرگودھا کے کسی تعلیمی ادارے کو نشانہ بنا نا چاہتی تھیں۔ ادھر ضلع بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 7مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔