• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطنِ عزیز پاکستان میں شام وسحر مشکل ترین حالات میں معاشرتی امن وامان کے استحکام کیلئے پولیس کی خدمات ملکی وصوبائی اور علاقائی سطح پر قربانیاں اور جدوجہد روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ ہزاروں پولیس ملازمین وافسران فرض کی راہ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں ۔ پولیس فورس نے ہر مشکل اور کڑے وقت میں میدانِ کارزار میں فرائض کی ادائیگی نہایت جوانمردی اور تندہی سے کرکے عزم وہمت کی لازوال مثالیں رقم کی ہیں ۔ مذہبی تہوار ہوں یا خوشی اور غم کی کیفیت ، ہنگامی حالات ہو ں یا منتشر جتھوں سے امن کی فضاء کو محفوظ رکھنا ہو پولیس ہمیشہ اگلے مورچوں پر نظر آتی ہے ۔ حالیہ تعینات ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان نہایت پروفیشنل ، دیانتدار اور کہنہ مشق پولیس آفیسر کے طور پر نہایت مثالی شہرت کے حامل شخصیت ہیں۔ محکمہ پولیس میں آپریشن کا محکمہ عملی طور پر انتہائی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ پولیس فورس کا مکمل دارومدار آپریشن یونٹ پر ہوتا ہے جس کی بروقت دستیابی ہی امتحانوں سے پار لگاتی ہے۔ دسمبر کی یخ بستہ راتیں ہوں یا جون کی تپتی دوپہریں، اشفاق احمد خان کاماضی اُن کے پروفیشنلزم اور ماتحت دوست اقدامات کا شاہد ہے ۔ حالیہ دنوں ملک بھر میں کورونا وائر س کی یلغار نے پَر پھیلائے تو عوام اور خواص سبھی سہمے اور خوف میں مبتلا نظر آرہے تھے ۔ ایسے خوفناک حالات میں بھی پولیس کے جوان گلیوں ، محلوں ، چوکوں ، چوراہوں ، ناکوں پر کھڑے ہوکر وبا ء کے وار اپنے سینے پر جھیلتے ہوئے نظرآئے ۔ پنجاب پولیس کے کئی افسران اور جوان اس موذی وباء کا شکار ہوئے۔ سفر زیست میں متاعِ حیات سے پیار اور جینے کی اُمنگ ہر اہل عقل ودانش کی زندگی کیلئے اولین ترجیح ہے ۔ مگر یہاں تو زندگی کے اصول اور معیار دوسروں کی زندگیاں بچانانظرآتے ہیں ۔عوام الناس پر بھی فرض ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں ۔ پولیس اگر ان مشکل ترین حالات میں انسانی جانوں کی بقا کی جنگ اگلے مورچوں پر لڑررہی ہے تو عوام بھی ذمہ داری کا مظاہر ہ کرے ۔ چیکنگ ایریاز میں ناکوں پر اور سیل شدہ علاقوں میں پولیس کے ساتھ تعاون اور محکمہ صحت کی احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ہی اس وبا کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ دنیا بھر میں آج جس طرح اس موذی وبا نے تباہی و بربادی پھیلائی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں ۔وطن ِ عزیز پاکستان کے حالات کسی بھی غیر یقینی حالات یا صورت حال کے متحمل نہیں ہیں۔

تازہ ترین