• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس کے مزید 2مریض جاں بحق ہوگئے

ملتان، محمد پور دیوان (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس کے مزید دو مریض جاں بحق ہوگئے، اس طرح نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 150 ہوگئی، نشتر میں زیرعلاج 18 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس وقت ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں 28 کورونا پازیٹو مریض زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب کورونا کا شکار نشتر کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکتر مصطفی کمال کے ائیر ویز میں سے خون بہنا شروع ہوگیا تھا جس سے ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے۔ انہیں وینٹی لیٹر اور ای سی ایم او کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ محمد پور دیوان میں پولیس کانسٹیبل کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا جس پر محکمہ صحت کی ٹیم گزشتہ روز پولیس سٹیشن محمدپور دیوان پہنچ گئی اور دیگر پولیس اہلکاروں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے۔ پی ایم اے ملتان نے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے سبب نشتر ہسپتال میں کورونا مینجمنٹ پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے کہا ہے کہ کورونا کے سبب بند کئے گئے امراض جلد،گردہ و مثانہ، دل، ناک کان گلا، چشم و دیگر شعبے دوبارہ کھولے جائیں تاکہ مریضوں کو سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم یا ختم ہونے کی صورت میں کورونا وارڈز محدود یا بند کردیے گئے ہیں۔
تازہ ترین