چترال میں گلیشئر پھٹنے سے گولین ندی میں سیلابی صورتحال پید اہوگئی، جس سے پلوں، متعدد مکانات اور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ گولین گول پاور پراجیکٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
روغیلی میں گرمی کی شدت سے گلیشئیر پھٹ گیا، جس سے گولین ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقے میں پلوں، متعدد مکانات اور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، متعدد مویشی بھی سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں، گولین روڈ بند ہونے سے مقامی آبادی کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرین کو امدادی سامان پہنچا دیا گیاہے۔