کراچی (ٹی وی رپورٹ)رہنما مسلم لیگ نون اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون اِن ہاوٴس تبدیلی کا حصہ نہیں بنے گی ،18ویں ترمیم میں بہتری کی گنجائش ہے تو اس پر بات چیت ہوسکتی ہے،میرے وزیراعظم بننے کی افواہیں پھیلانے والے دراصل مجھ سے دشمنی کررہے ہیں ۔
میرے قائد میاں نوازشریف ہیں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں ۔مجھے وزیراعظم بنانے کی افواہیں پھیلا کر صورتحال خراب کی جارہی ہے ۔اپوزیشن نے کبھی مائنس ون کی بات نہیں کی ہمیشہ آئین کے دائرے میں رہنے کی بات کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی بات دہراتے ہیں کہ تمام مسائل کاحل ایک شفاف الیکشن ہے ۔ پی ٹی آئی نے 99فیصد وعدے پورے نہیں کئے ۔مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ۔روپے کی قدر گر گئی ،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ۔