کراچی (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید گلیشیئرز پگھلنے سے مزید سیلابوں کی یش گوئی کردی ہے ۔ چترال میں گلیشئیرز پگھلنے کے بعد پہلے ہی سیلاب کا سامنا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے ایک افسر منظور احمد نے چینی خبررساں ادارے کو بتایا کہ اگر علاقے میں گرمی کی لہر اسی طرح برقرار رہی تو مزید گلیشیئرز پگھل سکتے ہیں اوراس کے نتیجے میں مزید سیلابوں کا خطرہ ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ چترال کی وادی گولن گول میں پہلے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں سے فصلیں اور کئی مکان تباہ ہوچکے ہیں جبکہ علاقے میں پانی اور بجلی کا سسٹم درھم برھم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں مزید 10 گلیشیئرزکسی بھی وقت پگھل سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم علاقائی عہدیداروں سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے آگاہ کیا ہے کہ گرمی کی لہر کے باعث گلیشیئرزتیزی سے پگھل رہے ہیں ، انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کے کئی لوگ نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں ۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث وادی میں 4پل اور رابطہ سڑک کا تین کلو میٹر کا حصہ تباہ ہوچکا ہے جس کے باعث وادی کی پہاڑیوں میں رہنے والے 500خاندان پھنس کر رہ گئے ہیں ۔