• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے کلبھوشن کو سہولت پہنچانے کےلیے نظرثانی آرڈیننس جاری کیا، رضاربانی


پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے رہنما و سابق چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت نے کلبھوشن جادھو کو سہولت پہنچانے کےلیے نظرثانی آرڈیننس جاری کیا۔

رضا ربانی نے یہ سوال بھی کیا کہ کیا کلبھوشن جادھو یا بھارتی ہائی کمیشن نے فوجی عدالت کے فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے؟۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ایک آرڈیننس جاری کیا گیا، معلوم نہیں کن خفیہ وجوہات پر اسے دن کی روشنی نہیں دکھائی گئی، یہ آرڈیننس خصوصی طور پر کلبھوشن جادھو کے لیے جاری کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کہتا ہے کہ کوئی غیر ملکی شہری، یا مشن کا کوئی شخص ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی یا دوبارہ غور کی درخواست آرڈیننس کے اجرا کے 60 دن کے اندر ہائی کورٹ میں دائر کر سکتا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ جادھو کو سہولت دینے کے لیے یہ آرڈینس جاری کیا گیا لیکن ایوان میں پیش نہیں کیا گیا۔

رہنما پی پی نے کہا کہ پارلیمان کو اس اہم معلومات تک رسائی سے کیوں محروم کیا گیا، یہ آرڈینس جاری ہوئے 56 دن ہو چکے ہیں، درخواست دائر کرنے کے لئے چار دن رہ گئے ہیں۔

تازہ ترین