اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو احسان اللہ احسان کے اکاؤنٹ سے دھمکی دی گئی، ابھی تک اس کا نوٹس نہیں لیا گیا، حکومت اس پر وضاحت دے ، جو نیب سے نہیں ڈرے ان کو دہشتگردوں سے دھمکیاں دلوا کر ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے،جب سے وزیر ہوابازی نے پائلٹس کے لائسنس جعلی قرارد ئیے ہیں تب سے پی آئی اے کی پروازیں دنیا نے بند کرنا شروع کر دی ہیں۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے وزیرہوابازی کے برعکس بیان دیا ہے ان میں سے جس نے جھوٹ بولا ہے وہ گھر جائے۔ جو نیب سے نہیں ڈرے ان کو دہشتگردوں سے دھمکیاں دلوا کر ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کس کے دباؤ پر واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کو افغانستان کے ساتھ تجارت کی اجازت دی؟ان خیالات کا اظہار پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان اور سیکرٹری فنانس حیدر زمان قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔