• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: علّامہ حکیم محمود احمد برکاتی

مرتّب: ڈاکٹر سہیل برکاتی

صفحات550 : ،قیمت: 1200روپے

ناشر: عکس پبلی کیشنز، بُک اسٹریٹ، داتا دربار مارکیٹ، لاہور۔

زیرِتبصرہ کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، علّامہ حکیم محمود احمد برکاتی شہید کے علمی و ادبی آثار پر مشتمل ان کے تحقیقی، ادبی، تاریخی، طبّی اور تنقیدی مقالات کے علاوہ سرورِ کونین حضرت محمّد مصطفیٰ، احمدِ مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبّہ اور بزرگانِ دین و اکابر کی سوانح پر مشتمل وقیع اور بصیرت افروز مضامین و مقالات کا مجموعہ ہے۔ جسے ان کے قابل و فائق اور سعادت مند فرزند ،پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد برکاتی نے پورے سلیقے اور بَھرپور اہتمام سے مرتّب و مدوّن کیا ہے۔

علّامہ حکیم محمود احمد برکاتی کے بیش تر مقالات و مضامین ان کی شہادت سے قبل چار مختلف مجموعوں کی صُورت شایع ہوچُکے تھے۔ موجودہ کتاب میں وہ مقالات و مضامین بھی شامل کیے گئے ہیں، جو گزشتہ چار مطبوعہ مجموعوں میں قبل ازیں شامل نہیں تھے۔

اس طرح ’’مقالاتِ برکاتی‘‘ کی صُورت حکیم صاحب کے مطبوعہ و غیر مطبوعہ مختلف و متنوّع مضامین و مقالات یک جا شایع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے، جو بلاشبہ، ایک علمی ضرورت کی تکمیل اور گراں قدر کاوش ہے۔ کتاب کے مرتّب نے اپنے والد نابغہ عصر، طبیبِ حاذق، عالمِ جلیل حکیم محمود احمد برکاتی شہید کے طبّی موضوعات پر مبنی مقالات کے ساتھ ساتھ متعدد علمی شخصیات اور دیگر متفرق موضوعات پر تحریر کردہ مضامین نیز، مختلف کتابوں پر تبصروں کے علاوہ حکیم صاحب کے مختلف انٹرویوز اور خطابات بھی شامل کرلیے ہیں۔ 

ڈاکٹر معین الدّین عقیل کے الفاظ میں ’’ان مقالات کے موضوعات بیش تر تاریخ، سوانح اور طب کے متنوّع عنوانات کا احاطہ کرتے ہیں۔ جن میں مطالعات کے نئے گوشے بھی سامنے آتے ہیں اور ان میں نقد و نظر کے اسالیب بھی موجود ہیں۔‘‘ بلاشبہ، یہ کتاب ایک علمی اور تاریخی دستاویز کے طور پر مآخذ کا کام دے گی۔ کتاب کے آخر میں تتمّہ کے طور پر حکیم صاحب کی کتب (مطبوعہ و غیر مطبوعہ) مضامین و مقالات کی ایک طویل فہرست درج ہے، جس سے حکیم برکاتی شہید کی وقیع علمی خدمات کا پتا چلتا ہے۔ کتاب پورے سلیقے و اہتمام سے شایع کی گئی ہے۔ البتہ تصحیح، پروف ریڈنگ کے حوالے سے نظرِثانی اور مزید اہتمام کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین