چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم کو آغاز تو اچھا ملا لیکن صرف تھوڑی دیر کا، تیسرے اوور میں 4 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی اور 8 اوور میں اسکور 53 تک پہنچا دیا۔
بعدازاں اگلے اوور میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 54 رنز پر گر گئی جب سیٹ ہونے والے بیٹر ٹریوس ہیڈ 39 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے دوبارہ پارٹنرشپ قائم کی اور 20 اوورز میں اسکور 105 تک پہنچا دیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیواسمتھ نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم نے یہاں 3 میچز کھیلے ہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، چاہے پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں اپنا کوئی بھی میچ نہیں ہارا ہے، بھارت اپنے تینوں میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم صرف ایک میچ جیت کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے، گروپ مرحلے میں اس کے 2 میچ بارش کی نذر ہوئے تھے۔
چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔