• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو خراجِ تحسین کیا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کی منزل ایک ہے، قائدِاعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ 19جولائی 1947 کو سری نگر میں مسلم کانفرنس کے اجلاس میں الحاقِ قراردادِ پاکستان متفقہ منظور کی گئی۔ کشمیریوں کی اصولی، قانونی، جمہوری جدوجہد میں ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ساتھ ہے اور رہے گا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر اسی طرح کشمیریوں کا ہے جیسے فلسطین فلسطینیوں کا اور انگلستان انگریزوں کا ہے۔ بھارتی ظلم کے ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کے نصب العین سے دستبردار نہیں کرسکتے۔ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، نسل درنسل کشمیریوں نے الحاق پاکستان پر  پہرہ دیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے لہو کے نذرانے دے کر قرارداد الحاق پاکستان کی حفاظت کر رہے ہیں، کشمیری قوم کا حوصلہ، عزم و استقلال اور جرات و بہادری تاریخ کا بے مثل باب بن چکی ہے،  پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک ان کی جدوجہد میں شانہ بہ شانہ ساتھ رہے گا۔

تازہ ترین