پشاور(نیوز ڈیسک)سیکرٹری سپورٹس اینڈ ٹورزم خیبر پختونخوا عابد مجید نے ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس جنید خان کے ہمراہ کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہیں ریجنل سپورٹس آفیسر کوہاٹ سکندر شاہ نے سپورٹس کمپلیکس میں جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہیں بتایا گیا کہ سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول، جمنازیم اور بچلر ہاسٹل کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور انہیں بہت جلد کھلاڑیوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔اسی طرح ہاکی اور فٹ بال گراؤنڈز میں جاری کام بھی بہت جلد مکمل کر دیا جائیگا۔قبل ازیں سیکرٹری سپورٹس نے زیر تعمیر سوئمنگ پول، جمنازیم اور بچلر ہاسٹل سمیت کرکٹ پویلین اور گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا اور کھلاڑیوں کوسپورٹس سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی ہدایا ت دیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیرتعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور سپورٹس کمپلیکس میں موجود بعض خامیاں دور کرنے کیلئے 45 دن کی ڈیڈ لائن دی اور بہتری کیلئے متعلقہ حکام سے مزید تجاویز بھی طلب کیں۔