کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر قانون دان اور رہنما پیپلزپارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نون لیگ پر اعتبار نہیں ہے اپنی پارٹی کو بھی رائے دوں گا کہ ان سے بچ کر رہیں ، این ڈی ایم اے سپریم کورٹ کو اس لئے مطمئن نہیں کرسکا کیوں کہ ملک کے ادارے نئے عہد میں نہیں پہنچ سکے جبکہ ججز نئے عہد میں داخل ہوچکے ہیں۔
عدلیہ بحالی تحریک کے بعد عدالتوں پر دباوٴ کا تصور ختم ہوچکا ۔چیئر مین این ڈی ایم اے کو عدالت بلائے تو انہیں پیش ہونا چاہئے ۔ججز کے پیچھے وکلا کی طاقت موجود ہے۔جنرل مرزا اسلم بیگ کو توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے بلایا لیکن وہ کیس بیچ میں ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسری بار جنرل عثمان علی کو طلب کیاگیا اوراس کیس سے بھی سپریم کورٹ کو پیچھا چھڑا نا پڑا لیکن یہ پرانے وقتوں کی باتیں ہیں آج کی عدلیہ آزاد،خود مختاراور متحرک ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے میں سربراہ صرف بیانات دیتے ہیں ، ان کا عمل کچھ نہیں دوسروں کو صرف ہدایات جاری کی جاتی ہیں این ڈی ایم اے کو چاہئے آگے بڑھے اور قدرتی آفات سے نمٹے ،چیئر مین این ڈی ایم اے ماسک پہن کر صرف پریس کانفرنس کرتے ہیں ۔