لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی نے تحفظ بنیاد اسلام بل 2020 متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل منظور کرکے اسمبلی نے تاریخ رقم کر دی ہے۔وفاق اور صوبے اس معاملے میں ہماری تقلید کریں۔اپوزیشن کا دیگر بلوں کی منظوری کے دوران ایوان میں شور شرابا،ہنگامہ‘ ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اربن ڈویلپمنٹ بل کی منظوری کے دوران ایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ کردیا۔حکومت کورم پورا کرنے میں کامیاب رہی اور کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب ترمیمی بل 2020اوردی کوآپریٹو سوسائٹیز ترمیمی بل2020 کثرت رائے سے منظور کرا لئے۔ سرکاری کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام بل 2020 ایوان میں منظوری کے لئے وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کیا جسے اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لیا ۔حکومتی رکن اسمبلی سعید اکبر نوانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری گیارہ کروڑ عوام کی آواز تھی۔اب حکومت کی اس پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری ہے۔