پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ماضی کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’نجات‘ کی یاد تازہ کردی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عتیقہ اوڈھو نے پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’نجات‘ کے سیٹ کی یادگار تصویر پوسٹ کی جس میں عتیقہ اوڈھو کے ہمراہ اُن کے ساتھی اداکار نعمان اعجاز اور ڈرامے کی ہدایت کار سائرہ کاظمی بھی موجود ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے ڈراما ’نجات‘ کے حسین اور خوشگوار لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ڈراما اب بھی معاشرتی مسائل پر بہت کچھ کہنا چاہتا ہے۔‘
اِس کے علاوہ عتیقہ اوڈھو نے ڈراما ’نجات‘ کی ایک ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کی اور لکھا کہ ’میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں مشہور ڈراما سیریل ’نجات‘ کا حصہ بنی۔‘
عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’میری بہت سی خوبصورت یادیں اس میگا ہٹ ڈرامے سے منسلک ہیں، کاش ہماری ڈراما انڈسٹری دوبارہ بھی اس طرح کے ڈرامے تخلیق کر پاتی۔‘
واضح رہے کہ ڈراما ’نجات‘ سال 1993میں پی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا، 18اقساط پر مبنی اِس ڈرامے کو اُس وقت خوب پذیرائی حاصل ہوئی تھی اور یہی وجہ ہے کہ کئی سالوں بعد ایک بار پھر سے اس کامیاب ڈراما سیریل کو رواں سال 16مئی سے پی ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔
ڈراما ’نجات‘ کے اداکاروں میں نعمان اعجاز، لطیف کپاڈیا، عتیقہ اوڈھو، مرینا خان، ہما نواب اور ساجد حسن شامل تھے۔