• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال، 103 سالہ بزرگ نے کورونا کو شکست دے دی


اپر چترال سے تعلق رکھنے والے عالمی وبا کا شکار 103 سالہ بزرگ عبدالعلیم خان نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 103 سالہ بزرگ عبدالعلیم خان دو ہفتوں سے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

 اپر چترال کے دور دراز پہاڑی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 103سالہ بزرگ عبدالعلیم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یکم جولائی کو آغا خان ہیلتھ سروس ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں داخل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق بزرگ ایمرجنسی سینٹر میں تقریباً دو ہفتے داخل رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئے اور اِس دوران انہیں اضافی آکسیجن کی ضرورت نہیں پڑی۔ صحت بہتر ہونے، اور کسی قسم کی علامات ظاہر نہ کرنے پر انہیں 13جولائی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

اس بارے میں آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کے ریجنل ہیڈ فار چترال معراج الدّین نے کہا کہ ’ہم نے عبد العلیم کی عمر زیادہ ہونے کے باعث ایک انتہائی نازک حالت والے مریض کے طور پر علاج کیا اور مناسب طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے ساتھ نفسیاتی اور اخلاقی مدد بھی فراہم کی۔ فکرمندی کے ایسے موقع پر نفسیاتی اور اخلاقی مدد کی بھی بہت اہمیت ہوتی ہے۔‘

103 سالہ عبدالعلیم خان کا تعلق اپر چترال کے گاؤں بونی سے ہے، اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ عبدالعلیم خان کی عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے اسپتال کے عملے نے مناسب دیکھ بھال کی جس پر عبدالعلیم خان نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین