قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی عائلہ کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شنیرا نے اپنی بیٹی عائلہ کے ہمراہ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔
شنیرا نے عائلہ کو چیلنج دیتے ہوئے لکھا کہ ’عائلہ میں آپ کو لطف اندوز ہوکر زندگی گُزارنے کا چیلنج دیتی ہوں جس میں آپ ایک منٹ بھی ضائع کیے بغیر کھیلیں گی، ہنسیں گی، روئیں گی، آگے بڑھیں گی اور نئی نئی چیزوں کو سیکھتے ہوئے بھرپور انداز میں زندگی گُزاریں گی۔‘
اُنہوں نے اپنے بیٹی کے لیے لکھا کہ ’آپ تیراکی سیکھیں، موٹر سائیکل چلانا سیکھیں، گھاس پر چلیں، خود کو کبھی گندا رکھیں تو کبھی خود کو صاف بھی رکھیں، اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کریں اور جس وقت آپ کے ساتھ کوئی کھڑا نہ ہو تو آپ اُس وقت خود کے لیے کھڑا ہونا سیکھیں۔‘
وسیم اکرم کی اہلیہ نے لکھا کہ ’لوگوں سے بات کریں اور جہاں خاموش رہنا ہو وہاں خود کو خاموش رکھیں، ایڈوانچر سے بھرپور کتابیں پڑھیں، جانوروں کے ساتھ نیک سلوک کریں اور اُن سے پیار کریں، کوئی ایک بہترین دوست بنائیں، ڈانس کریں، مطالعہ کریں، موسیقی سُنیں، میوزک بجائیں اور بہت کچھ کریں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’وقت پر کھانا کھائیں، اپنی نیند پوری کریں، دل سے مُسکرائیے، بڑے بڑے خواب دیکھیے اور زندگی کے مزے لیجیے۔‘
پورا چیلنج بتانے کے بعد شنیرا نے لکھا کہ ’عائلہ اس طرح زندگی گُزار کر تُم ایک بہترین خاتون بن سکتی ہو، کیا تمہیں میرا یہ چیلنج قبول ہے؟‘
شنیرا اکرم نے اپنے انسٹاگرام پر 13 گھنٹے قبل یہ پوسٹ شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً سات ہزار سے زائد مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کی اس پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔