• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایان علی نے اپنے نئے ایلبم کا نام بتا دیا


منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت لینے والی پاکستان کی ماڈل اور گلوکارہ ایان علی نے مداحوں کو اپنے نئے ایلبم کا نام بتا دیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایان علی نے اپنی ایک مختصر سی ویڈیو پوسٹ کی، ماڈل کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں اُن کا فوٹو شوٹ ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ویڈیو دیکھ کر واضح ہو رہا ہے کہ یہ اُن کے نئے پراجیکٹ کا کوئی حصہ ہے۔


ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ایان علی نے سب سے پہلے تو اپنے چاہنے والوں سے اُن کا حال احوال دریافت کیا اور پھر اُنہوں نے بتایا کہ یہ ویڈیو اُن کے نئے آنے والے پراجیکٹ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔

ایان علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے نئے ایلبم کا نام بتاتے ہوئے لکھا کہ اُن کے ایلبم کا نام ’Nothing Like Everything‘ ہے۔

ماڈل نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ اگست 2020 بھی استعمال کیا جس سے لگ رہا ہے کہ اُن کا یہ ایلبم اگست میں ریلیز کیا جائے گا۔

اس سے قبل ایان علی نے شوبز میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے 7 گانے ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا، اُنہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ پرانی لیمبرگینی میں بیٹھ کر اپنے 7 نئے گانے سننے اور سیر پر جانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔

گلوکارہ نے لکھا تھا کہ مذکورہ گانوں کے لیے وہ گزشتہ 5 سال سے محنت کررہی ہیں جن سے اب اُن کے مداح بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔

خیال رہے کہ ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئی تھیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں 2 سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں تاہم 2017 میں دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں۔

تازہ ترین