• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جارجیا: 7 لاکھ ڈالرز کا یورینیئم فروخت کرنے کی کوشش، 1 شخص گرفتار

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

جارجیا کی ریاستی سیکیورٹی سروس نے ایک شخص کو مبینہ طور پر یورینیئم 238 غیر ملکی شہری کو 7 لاکھ ڈالرز میں فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

جارجیائی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اسے انسدادِ جاسوسی اور خصوصی آپریشنز کے اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

حکام کی جانب سے جاری کی گئی گرفتاری کی ویڈیوز میں مسلح اہلکاروں کو ایک سفید رنگ کی گاڑی سے مشتبہ شخص کو نکال کر زمین پر ہتھکڑی لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اہلکاروں نے گاڑی کی ڈگی میں موجود دو چھوٹے کنٹینرز کو ہاتھ میں پکڑے جانے والے تابکاری جانچنے والے آلے سے بھی چیک کیا، ان میں سے ایک کنٹینر میں ہلکے رنگ کا پاؤڈر دکھائی دیا۔

کیا یورینیئم جوہری ہتھیار بنانے کیلئے تھا؟

یورینیئم 238 افزودہ یورینیئم نہیں ہوتا اور اسے براہِ راست جوہری بم بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، یہ قدرتی طور پر پائے جانے والے یورینیئم کا سب سے عام آئسوٹوپ ہے۔

اس کا جوہری بم بنانے کے قابل نہ ہونا غیر قانونی طور پر اس کی خرید و فروخت کو بے ضرر نہیں بناتا، جوہری اور تابکار مواد کو غلط طریقے سے سنبھالنے، غیر قانونی اسمگلنگ اور دیگر خطرناک استعمال کے ممکنہ خدشات کے باعث سختی سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

تحقیقاتی حکام نے تاحال اس غیر ملکی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی جسے مبینہ طور پر یہ مواد فروخت کیا جانا تھا، جبکہ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر کتنی مقدار میں یورینیئم موجود تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید