لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر پنجاب تھیٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین قیصر ثناء اللہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، آصف اقبال، طاہر انجم، شاہد خان اور محمد یوسف شامل تھے۔ وفد نےا سٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فنکاروں سے محبت کرے ان کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ عید الاضحیٰ سے قبل تھیٹر کھول کر اس وقت کورونا سے جو غمگین ماحول ہے اس کو خوشگوار کیا جائے۔