• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولی ووڈ میں گینگ میرے خلاف کام کررہا ہے، اے آر رحمٰن

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بولی وڈ میں اقربا پروری کے حوالے سےبحث جاری ہے، اداکار کی موت کے بعد کئی سلیبریٹیز سامنے آئے ہیں جنہوں نے بولی وڈ میں پھیلی کنبہ پروری پر اپنا موقف پیش کیا۔

اس سلسلے میں اب میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمٰن کا بھی نام بھی سامنے آیا ہے ۔بولی وڈ کے آسکر وننگ کمپوزر اے آر رحمٰن نے کہا ہے کہ بولی وڈ میں ایک پورا گینگ ہے جو ان کے خلاف جھوٹی افواہ پھیلا رہا ہے، یہ گینگ انہیں کام کرنے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے ۔

ریڈیو مرچی سے بات چیت کے دوران جب اے آر رحمان سے پوچھا گیا کہ وہ ہندی سنیما کی جگہ تامل فلموں میں زیادہ کام کیوں کرتے ہیں، تو اس کے جواب میں موسیقار نے کہا کہ میں اچھی فلموں کیلئے منع نہیں کرتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایک گینگ ہے، جو میرے بارے میں انڈسٹری میں افواہ پھیلا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب مکیش چھابڑا دل بے چارہ کیلئے میرے پاس آئے تو میں نے انہیں دو دن میں گانا تیار کرکے دیا تھا ۔

اس وقت مکیش چھابڑا نے مجھ سے کہا تھا کہ سر کئی لوگوں نے مجھ سے کہا تھا کہ ان کے پاس مت جاؤ، اے آر رحمٰن کے پاس مت جاؤ، انہوں نے مجھے کئی طرح کی کہانیاں بھی سنائیں، ان کی باتیں سننے کے بعد مجھے سمجھ آیا کہ ہندی فلموں میں مجھے کام کیوں نہیں مل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ڈارک فلموں میں کام کرتا ہوں کیونکہ یہ گروپ میرے خلاف میرے نقصان کے بارے میں سوچے بغیر کام کررہا ہے یہ وہ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ کام کروں لیکن اس کے ساتھ ہی وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ مجھے کام نہ ملے لیکن میں تقدیر پر پورا یقین رکھتا ہوں، مجھے اللہ پر بھروسہ ہے اور اس بات پر بھی یقین ہے کہ جو بھی آپ کے پاس آتا ہے اللہ کے ذریعہ آتا ہے ۔

تازہ ترین